سدھو موسے والا کو قتل کرنے والا شوٹر گجرات سے گرفتار

بھارتی گلوکار شبدیپ سنگھ سدھو موسے والا کے قاتل کو گجرات سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پونے پولیس نے 2021 کے قتل کیس میں نامزد شوٹر سنتوش جادھو کو سدھو موسے والے کے قتل میں بھی ملوث ہونے پر گرفتار کیا ہے، سنتوش جادھو گزشتہ ایک سال سے فرار تھا، تاہم اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

دہلی اور پنجاب کی پولیس ٹیمیں ملزمان کو گرفتار کرنے اور کیس میں جلد سے جلد نتائج تک پہنچنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے دہلی پولیس نے سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو قرار دیا تھا، تاہم بشنوئی نے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

لارنس بشنوئی ایک سال سے دہلی کی تہاڑ جیل میں سمگلنگ کیس کی وجہ سے قید ہے، جس سے پولیس تفتیش کر رہی ہے، اور اسی کا لنک کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار سے ملتا ہے جس نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے سدھو موسے والے کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کو 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق انہیں 30 گولیاں لگی تھیں جو ایک آٹو میٹک رائفل سے فائر کی گئی تھیں۔

یاد رہے سدھو موسے والا کی ایک دن قبل ہی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سیکیورٹی واپس لی گئی تھی۔ انہیں پنجاب کے ڈسٹرکٹ مان سا میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

پنجابی سنگر نے کانگریس کی جانب سے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں