سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کےمطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر راہول ڈریوڈ اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں فرائض انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے بھارتی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی حامی بھی بھرلی ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ راہول ڈریوڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریان سنبھالیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 48 سالہ راہول ڈریوڈ گزشتہ 6 سال سے بھارت کی اے ٹیم اور انڈر 19 کے سیٹ اپ کے انچارج ہیں۔
راہول ڈریوڈ کو کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کی جانب سے ورلڈکپ 2023 تک کے لیے کوچ کے عہدے کی پیشکش کی گئی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔
راہول ڈریوڈ سے قبل سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر روی شاستری بھارتی ٹیم کے کوچ کے فرائض انجام دے رہے تھے جن کا کنٹریکٹ مکمل ہوچکا ہے اور بورڈ کی جانب سے اس میں توسیع نہیں کی گئی ہے۔
سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ نے 1996 سے 2012 تک کے اپنے کیرئیر میں 164 ٹیسٹ اور 344 ون ڈے میچز کھیلے۔