ریٹائرمنٹ کی گردش کرتی خبروں پر کرس گیل کا جواب سامنے آ گیا

ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلے جانے والے میچ کے بعد ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹر کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ سے گفتگو میں ریٹائرمنٹ کے بارے میں وضاحت پیش کی۔

کرس گیل نے کہا کہ میں گراؤنڈ میں تفریح کر رہا تھا، اسٹینڈز میں اپنے فینز کے ساتھ محظوظ ہو رہا تھا، ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ جیسے یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے۔

ویسٹ انڈین بیٹر نے خواہش کا اظہار کیا کہ میں ایک اور ورلڈ کپ کھیلنا چاہوں گا لیکن میرا نہیں خیال کہ مجھے اس کی اجازت ملے گی، میں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، اپنے ہوم گراؤنڈ جمیکا میں آخری میچ کھیلنے کی خواہش ہے۔

انہوں نے مضحکہ خیز انداز میں کہا کہ اگر جمیکا میں میچ کھیلنے کو نہیں ملتا تو پھر میں ساتھی کرکٹر ڈی جے براوو کے ساتھ شامل ہو جاؤں گا، براوو کے ساتھ شامل ہوکر ہر کسی کا شکریہ ادا کروں گا تاہم ابھی ایسا کچھ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلیا کیخلاف آخری گروپ میچ میں کرس گیل اسٹیڈیم میں ریٹائرمنٹ کے اشارے دیتے رہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر کرس گیل کی ریٹائرمنٹ کی خبر زیرِ گردش رہیں۔

تاہم تین روز قبل ویسٹ انڈین اسٹار آل راؤنڈر اور دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہنے والے ڈیوائن براوو نے بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے سفر کے اختتام کے ساتھ ان کے کیرئیر کا بھی اختتام ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں