اسپین کے معروف ٹینس پلیئر رافیل نڈال کا پاؤں کی انجری کے باعث رواں سیزن مکمل ہو گیا جس کی وجہ سے وہ یو ایس اوپن میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے ۔
اسپینش اسٹار اور 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال گزشتہ ہفتے سنسناٹی ماسٹرز اور کینیڈین اوپن میں بھی شرکت سے محروم رہے، وہ پاؤں کی انجری کی وجہ سے رواں سیزن میں مزید نہیں کھیل سکیں گے ۔
35 سالہ نڈال نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو رواں سیزن میں حصہ نہ لینے کی اطلاع دی۔
نڈال نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ وہ سچ میں اپنے پاؤں میں ایک سال سے زیادہ عرصے سےتکلیف برداشت کر رہے ہیں ، انہیں کچھ وقت لینے کی ضرورت ہے، انہوں نے یہ فیصلہ اپنی ٹیم اور خاندان کی مشاورت سے کیا ہے’۔
واضح رہے کہ یو ایس اوپن کے دفاعی چیمپئن ڈومینک تھیم اور 5 بار کے فاتح راجر فیڈرر بھی یو ایس اوپن سے دستبردار ہو چکے ہیں ۔