سوشل میڈیا پر دُنیا کے سب سے بڑے فرائی پین کے چرچے شروع ہوگئے جوکہ 18 فٹ لمبا اور 14,360 پونڈ (6.5 ٹن) وزنی ہے۔
حال ہی میں دُنیا کے سب سے بڑے فرائی پین کو امریکی شہر پٹس برگ کی ایک مرکزی شاہراہ پر ایک بڑے ٹرالر میں جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جسے دیکھنے والے افراد دنگ رہ گئے تھے۔
اپنی آنکھوں سے یہ منظر دیکھنے والے افراد نے کیمرے کی آنکھ میں دُنیا کے سب سے بڑے فرائی پین کی چند تصاویر اور ویڈیوز قید کرلی تھیں جس کے بعد اُنہیں سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا گیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے فرائی پین کو جنوبی پٹسبرگ میں زیرِ تعمیر ’لاج کاسٹ آئرن میوزیم‘ نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ دُنیا کا یہ سب سے بڑا فرائی پین ہینڈل سے لیکر مخالف سرے تک 18 فٹ لمبا ہے لیکن ابھی تک گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اس فرائی پین کے داخلے کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کرائی گئی ہے۔
جنوبی پٹسبرگ میں زیرِ تعمیر ’لاج کاسٹ آئرن میوزیم‘ میں مختلف قسم کی کاسٹ آئرن کی مصنوعات کی تیاری کے مراحل کی نمائش کی جائے گی جب کہ لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے میوزیم کے باہر دیوہیکل فرائنگ پین نصب کیا جائے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ ’لاج کاسٹ آئرن میوزیم‘ رواں سال مئی یا جون تک مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اس میوزیم کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔