متحدہ عرب امارات نے دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی اجتماع ایکسپو 2020 دبئی کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب کودنیا بھر میں لاکھوں افراد براہ راست دیکھا ہے۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدآل مکتوم نے رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ایکسپو 2020 کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا ہے۔حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
دبئی کے ولی عہد نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ ’’پوری دنیا متحدہ عرب امارات میں اکٹھی ہو رہی ہے، آج ہم ایک ساتھ نئی شروعات کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ہم اللہ کے فضل وکرم سے ایکسپو 2020 دبئی کا افتتاح کررہے ہیں،اللہ ہمیں کامیابی سے نوازے۔‘‘
افتتاحی تقریب دنیا کی سب سے بڑی 360 ڈگری پروجیکشن سکرین کے ذریعے دکھائی گئی ہے۔ یہ الوصل پلازا کے 130 میٹر چوڑے اور 67.5 میٹرطوی؛ گنبد کے نیچے منعقد ہوئی ہے۔اس سے تماشائیوں کو براہ راست پرفارمنس کی ایک مربوط آڈیو اور بصری نمائش دیکھنے کا موقع ملا ہے۔
اس عالمی نمائش کے موقع پرامارت دبئی نے شہر کے ارد گرد تین مقامات فریم، دبئی فیسٹیول سٹی اور پام جمائرہ پر آتش بازی کا اہتمام کیاتھا۔
متحدہ عرب امارات کے کابینہ کے رکن،رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ’’یواے ای نے تعمیروترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کرلوگوں کی ایک بہترزندگی تخلیق کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ ’’ذہنوں کو جوڑ کر ہم کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔اس ایکسپو میں ہم تعاون کے فروغ کے ذریعے دنیا کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
اماراتی وزیرکا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار 192 ممالک کا کاروباری اور ثقافتی اجتماع منعقد ہورہا ہے۔ہم ایکسپو میں شرکاء کودنیا کی آبادی کے درمیان تعاون اوراقدامات کے موقع کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں، ہم سب کے خوش حال مستقبل کے حصول کے لیے تعاون، رواداری، بقائے باہمی اور امن کا پیغام عام کررہے ہیں۔
بین الاقوامی نمائش بیورو کے سیکرٹری جنرل دیمتری ایس کرکینٹزیس نے کہا کہ ایکسپو 2020 دنیا کے ممالک کے درمیان شراکت داری اور تعاون کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔بین الاقوامی نمائش بیورو ایک بہتر دنیا کے لیے کوشاں ہے جس میں لوگ اپنے اختلافات سے بالاترہوکر ترقی کے عمل میں اپنا کردار اداکریں۔
انھوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے دنیا کے ممالک کے ساتھ مل کرایکسپو کا کامیابی سے انعقاد کرنے کی کوشش کی ہے، ہم اس اہم بین الاقوامی تقریب کی میزبانی پریواے ای کے ویژن کو سراہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عالمی نمائش میں منتظمین اور شرکاء کے درمیان تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا اور دبئی ایکسپودنیا کے بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے نئی شراکت داریاں پیدا کرے گی۔
عالمی شہرت یافتہ کلاسیکی موسیقاراور پاپ اسٹارز ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر اپنے اپنے جوہر دکھانے کے لیے دبئی میں اکٹھے ہوئے ہیں اور انھوں نے دنیا کے عظیم ترین شو کی افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔مشہور اطالوی فن کار اینڈریا بوسیلی نے الوصل پلازا میں موسیقی طائفے کی قیادت کی ہے۔
دبئی ایکسپو2020 مشرق اوسط، افریقا اور جنوبی ایشیا (ایم ای اے ایس اے) کے خطے میں پہلی عالمی نمائش ہے۔ یہ یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی اور 190 سے زیادہ ممالک اس میں حصہ لے رہے ہیں۔