خلائی سفر پر جانے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اب کوئی بھی عام شہری خلائی سفر کر سکتا ہے تاہم اس کے لیے ایڈوانس بکنگ کروانا ہو گی۔ رچرڈ برینسن کی خلائی سیاحت کی کمپنی ورجن گلیکٹک نے دوبارہ خلائی سفر کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے۔
ورجن گلیکٹک فی سیٹ 4 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کے حساب سے فروخت کر رہا ہے۔ جس میں اسپیس میں جانے کے خواہشمند افراد کو اپنی نشست کنفرم کرنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز ایڈوانس جمع کرانے ہوں گے اور یہ فروخت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہو گی۔
کمپنی کا اس سال کے اختتام پر امریکی ریاست نیو میکسیکو پر قائم اسپیس پورٹ سے پہلی بار ادائیگی کرنے والے افراد کو خلا میں بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ کمپنی کے بانی سر رچرڈ برینسن گزشتہ برس خلائی جہاز کی ہوریزونٹل ٹیک آف کی تجرباتی فلائیٹ پر خلا میں گئے تھے۔ جس کے بعد انہوں نے اس سال کی پہلے سہ ماہی میں کمرشل آپریشنز شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اکتوبر میں کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ خلائی جہاز بہتری کے مراحل میں داخل ہو رہا ہے تاکہ جہاز کے حفاظتی معاملات کو بہتر کیا جا سکے۔ جس کے بعد اطالوی ایئر فورس کے ساتھ طے تجرباتی فلائٹ کو آگے بڑھانا پڑا اور ایسا کرنے میں کمرشل خلائی پروازیں شروع کرنے میں مزید تاخیر ہوئی۔
کمپنی کے سی ای او مائیکل کولگلیزیئر نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے اس سال کے آخر میں کمرشل سروس کی شروعات پر ایک ہزار گاہکوں کو خلا میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔