خراب معاشی صورتحال، ترک صدر نے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا دیا

استنبول: ملک کی خراب معاشی صورتحال پر ترک صدر طیب اردوان نے دبنگ اقدام کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی میں بڑھتی مہنگائی، کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی اور خراب معاشی صورتحال پر ترک صدر نے وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹایا۔ رواں سال اب تک ترکی کی کرنسی کی قدر میں ڈالر کے مقابلے 40 فیصد کمی ہوئی ہے جس سے مارکیٹ میں لیرا کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خزانہ کو تبدیل کیے جانے کا حکم بدھ کو رات گئے جاری کیا گیا جس کے بعد وزیر خزانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا جسے ترک صدر نے منظور کر لیا۔ ترک صدر نے نائب وزیر خزانہ نیئر الدین نباتی کو نیا وزیر خزانہ مقرر کیا ہے۔

مستعفی ہونے والے وزیر خزانہ کو گزشتہ سال نومبر میں اس وقت عہدے پر فائز کیا گیا تھا جب ترک صدر کے داماد نے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ملک کی خراب معاشی صورتحال پر ترک صدر طیب اردوان نے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں