جنکا تحریک آزادی سے کوئی تعلق نہیں وہ اسے بھیک کہتے ہیں، جاوید اختر کا کنگنا کو جواب

بالی ووڈ کے معروف گیت نگار اور شاعر جاوید اختر نے اداکارہ کنگنا رناوت کے بھیک کے حوالے سے کمنٹ کا جواب دے دیا۔

یاد رہے کہ کنگنا نے حال ہی میں ایک سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی آزادی کو بھیک کہا تھا۔

جمعرات کو اس کا جواب دیتے ہوئے شاعر اور معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کے شوہر جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈلر پر تحریر کیا کہ یہ بات مکمل طور پر سمجھ میں آنے والی ہے کہ وہ جن کا تحریک آزادی سے کوئی تعلق یا لینا نہیں ہے وہ اس کے بارے میں ایسے ہی خیالات رکھتے ہیں اور اسے ایک بھیک کہتے ہیں۔

یاد رہے کہ کنگنا کے ان جملوں پر بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنماؤں نے کافی تنقید کی ہے، جبکہ ان کے خلاف اس معاملے پر پولیس کے پاس شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔

پدما شری ایوارڈ یافتہ اور اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے معروف کنگنا رناوت نے ایک میڈیا ادارے کے سمٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خون بہتا ہے، لیکن یہ ہندوستانی خون نہیں ہونا چاہیے، وہ جانتے ہیں اور انھوں نے اسکی ایک قیمت ادا کی ہے، اور یقینی طور پر یہ آزادی نہیں بلکہ بھیک تھی، ہم نے اصل آزادی تو 2014 میں حاصل کی ہے۔

کنگنا کے اس کمنٹ پر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کہا یہ اینٹی نیشنل اقدام ہے اور اسے اسی طرح سے لینا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ اسے غلط نہ کہنا ان لوگوں سے بے وفائی ہوگی جنھوں نے آزادی کے لیے اپنا خون دیا اور ہم آج آزاد قوم کے طور پر کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں