جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مسلمان خاتون کو ایک شخص نے نسل پرستانہ جملے کستے ہوئے بے رحمی سے مارا ،جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
مقامی پولیس کے مطابق ایک مسلمان خاتون جس نے اسکارف پہنا ہوا تھا اسے ایک شخص نے اسٹیشن کے قریب بے رحمی سے مارا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 39 سالہ مسلم خاتون کو حملے کے بعد شدید زخمی حالت میں مقامی اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون پر موٹر سائیکل سوار شخص نے تشدد کیا اور ملزم نے اسے کئی بار گھونسے مارے اور اس کا اسکارف کھینچ لیا جبکہ خاتون کو نسل پرستی کی گالیاں بھی دیں۔
اسٹیٹ کرمنل پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزم کی شناخت کے لیے گواہوں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔