جدہ : سعودی نیشنل ایونٹ سنٹر، سعودی ٹوارزم اتھارٹی اور جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام “پاکستان نائٹ” کے نام سے جدہ میں ایک بہترین رنگا رنگ پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ویڈیو پیغام میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت اور دیرپا مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔
پاکستان نائٹ میں تقریباً پانچ ہزار پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ پروگرام میں مقامی فنکاروں نے قومی گیت پیش کئے جن پر پاکستانی سبز ہلالی پرچم لہراتے اور جھومتے رہے۔
پاکستان نائٹ میں پتلی تماشہ، کھانے کے اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے سٹالز لگائے گئے تھے۔
تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ مملکت میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کا موقع مل رہا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے حکومت ، پروگرام آرگنائزرز اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی ترجمان سیدہ نوشین احمد نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پروگرام ہوتے رہیں گے۔