بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ٹینس سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے یہ فیصلہ آسٹریلین اوپن خواتین کے ڈبل ایونٹس کے پہلے راؤنڈز میں شکست کے بعد کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے ٹینس کو خیر آباد کہنے کا ارادہ کرلیا ہے جبکہ 2022 کا ٹینس سیزن ان کے کیریئر کا آخری سیزن ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا ہے جب انہیں آسٹریلین اوپن خواتین کے ڈبل ایونٹس کے پہلے راؤنڈز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ کے بعد میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا یہ فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن اس کی کچھ وجوہات ہیں، میرے لیے سب سے اہم میرا بیٹا ہے اور میرا بہت زیادہ سفر کرنا اس کے لیے اچھا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری فٹنس بھی کافی کم ہورہی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس کی ریکوری میں لمبا عرصہ لگے گا۔
واضح رہے کہ سابق کپتان کی اہلیہ 6 مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہیں جبکہ وہ ڈبلیو ٹی اے کی سنگل رینکنگ میں ٹاپ 30 میں شامل پہلی انڈین کھلاڑی ہیں۔