تیز رفتار برگر بنانے والا روبوٹ تیار کر لیا گیا

دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں روبوٹس کی مدد لی جارہی ہے، ایسا ہی ایک روبوٹ اب برگر بنائے گا جسے فلپی ٹو کا نام دیا گیا ہے۔

مائیسو روبوٹ نامی کمپنی نے اپنا نیا روبوٹ ماڈل فلپی 2 کے نام سے پیش کیا ہے ،اس کا اولین ماڈل شکاگو کی کاسل ہمبرگر کی کئی دکانوں پر شروع کیا گیا تھا جہاں یہ بہت کامیاب رہا۔

امریکہ اور یورپ میں کووڈ 19 کی عالمی وباء کی وجہ سے اسٹاف کی بے حد کمی ہے اور یہ روبوٹ مددگار اسٹاف کی شدید قلت کو بھی دور کرسکتا ہے۔

برگر والے روبوٹ کا پہلا ماڈل 2017 میں بنایا گیا تھا جس کا دوسرا جدید ماڈل اب تیار کیا گیا ہے۔

کمپیوٹر وژن اور مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والا یہ روبوٹ گرم تیل، تنگ جگہوں اور دیگر مشکلات میں بھی اپنا کام جاری رکھتا ہے لیکن اسے ایک یا دو انسانی رہنماؤں کی ضرورت ہوتی ہے یوں پوری دکان کا کام آسان ہوجاتا ہے۔

روبوٹ سسٹم میں ایک آٹو بِن آپشن بھی ہے جہاں کٹی پیاز، گوشت کے قتلے اور دیگر اشیاء رکھی اور اٹھائی جاسکتی ہیں،روبوٹ بہت محتاط انداز میں کباب اٹھا کر انہیں الٹ اور پلٹ بھی سکتا ہے۔

ایک روبوٹک بازو بہت تیزی سے اشیاء کو ملائے بغیر سبزیوں اور پنیر کو بھی اٹھا سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کی بدولت چند روبوٹ مل کر فرائز اور برگر کی پوری دکان چلاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ مائسو کمپنی کے مطابق ان کی ایجاد پوری دنیا میں 280 ارب ڈالر کی مارکیٹ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں