بھارتی گلوکارہ دھوانی بھنوشالی نے پاکستانی فنکار عالمگیر کے گیت کی نقل تیار کر لی جس پر سوشل میڈیا صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
بھارتی گلوکارہ دھوانی بھنوشالی کے حال ہی میں ریلیز کیےجانے والے گانے ’مہندی‘ کی دھن پاکستانی پاپ میوزک کو پہچان دینے والے عالمگیر کے مقبول ترین گیت ’گاگر‘ کی نقالی ہے جو 90 کی دہائی میں ریلیز کیا گیا تھا۔
بھارتی گلوکارہ کا گانا ’مہندی‘ 21 ستمبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور اب تک یوٹیوب پر اسے دیکھنے والوں کی تعداد کروڑوں تک جاپہنچی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی گلوکار کے گانے ’مہندی‘ کے بول اور زبان بھی گاگر کے مقابلے میں بالکل مختلف ہیں لیکن دھن مکمل طور پر گاگر سے مماثل ہے۔
بھارتی گلوکار پر سوشل میڈیا صارفین بھرپور تنقید کرتے ہوئے گانے کو نقل قرار دے رہے ہیں۔
پاکستانی گلوکار عمیر جیسوال بھی عالمگیر کا یہی گیت گاگر گا کر مداحوں سے داد وصول کرچکے ہیں ۔
انہوں نے گاگر ویلو ساؤنڈ اسٹیشن کے سیزن 1 میں گایا تھا، بعد ازاں انسٹا گرام پر عمیر جسوال نے بھی گانا چوری ہونے کی خبر دی۔
دھوانی بھنوشالی کے گانے کی ریلیز اور اتنے زیادہ ویوز کے بعد عمیر جسوال نے گانے کا پوسٹر شیئرکرتے ہوئے دھن کاپی کرنے سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے بھارتی گلوکارہ، عالمگیر اور’ گاگر ری میک’ کے اپنے ساتھی فنکاروں کو ٹیگ کیا۔