بھارتی یونین منسٹر گری راج سنگھ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر گری راج سنگھ نے دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں یہ میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈکپ کا شیڈول میچ نہیں ہونا چاہیے۔
بھارتی وزیر کے علاوہ ان کے دیگر وزراءنے بھی پاک، بھارت میچ منسوخ کرانے کیلئے کابینہ میں بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گری راج سنگھ کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں ہونے والے حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کو کسی اور سوچ کے ساتھ دیکھنے کی ضروررت ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت اچھے نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر کو مقابلہ ہو گا جس کیلئے پوری دنیا کے شائقین کرکٹ بے تابی کیساتھ منتظر ہیں جبکہ دونوں ٹیمیں میچ میں فتح کے حصول کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔