گزشتہ سال دسمبر میں سری لنکا میں ہونے والی پریمئیر لیگ میں میچ فکسنگ کی اطلاع ملنے کے بعد کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی طور پر سری لنکن پریمئیر لیگ کے اس دوسرے ایڈیشن میں ایک سری لنکن کھلاڑی نے اپنی فرنچائز ٹیم کو بتایا کہ انہیں میچ فکسنگ کی آفر ہوئی ہے۔
سری لنکن پریمئیر لیگ پانچ ٹیموں پر مشتمل ہے جس میں متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کرتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن بیٹر کو میچ فکسنگ کی آفر دینے والے بھارتی بکیز تھے۔
سری لنکا کی اسپورٹس منسٹری فار کرپشن نے تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو اس معاملے کی چھان بین کرے گی۔
کمیٹی کے سربراہ جگت فونیسکا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سری لنکن کھلاڑی کو لیگ میچز کے دوران میچ فکسنگ کی آفر ہوئی ہے۔
جگت فونیسکا نے کہا کہ سری لنکن کھلاڑی کے مطابق ایک معروف بزنس مین کے بیٹے نے ان کے مشترکہ دوست کی توسط سے انہیں میچ فکسنگ کی آفر کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بزنس مین کے بیٹے کے بھارتی بکیز کے گہرے رابطے ہیں۔
سری لنکا میں میچ فکسنگ ، بدعنوانی ، غیر قانونی ہیرا پھیری اور غیر قانونی سٹے بازی کے کھیلوں میں بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لئے 2019 میں قانون بنایا گیا تھا۔