بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر گیا جس میں بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت اور اعلیٰ دفاعی افسران سمیت 14 افراد سوار تھے جبکہ بپن راوت کے اہل خانہ کے چند افراد بھی تھے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کا ملٹری ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو میں گرا جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں سی ڈی ایس بپن راوت کا عملہ اور اہل خانہ کے کچھ افراد بھی سوار تھے، جنرل بپن راوت میڈیکل کالج میں لیکچر کیلئے جا رہے تھے۔ 

بھارتی فضائیہ نے بھی سوشل میڈیا پر حادثے کی تصدیق کر دی ہے کہ چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کا ایم آئی 17وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کون کون شامل ہے جبکہ تین افراد کو بچا لیا گیا ہے جو شدید زخمی ہیں اور انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ 

واضح رہے کہ بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31 دسمبر 2019ءکو ریٹائر ہوئے جنہیں بھارتی حکومت نے بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس سٹاف مقرر کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں