برطانیہ نے دنیا کے 47 ممالک کو اپنی سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اعلان برطانیہ کے سیکریٹری ٹرانسپورٹ گرانٹ شاپس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
UPDATE: From Monday (11th Oct) 📅 I’ll be cutting 47 destinations from our red list – including South Africa, with just 7 countries and territories remaining ⚠️ – all others will be included in the “rest of world” category 🌐 [1/3]
— Rt Hon Grant Shapps MP (@grantshapps) October 7, 2021
برطانیہ کے سیکرٹری ٹرانسپورٹ گرانٹ شاپس کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے بعد اب برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں صرف 7 ممالک شامل رہ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے گزشتہ ماہ کی 17 تاریخ کو پاکستان کو اپنی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان کردیا تھا۔
برطانیہ کے سیکریٹری ٹرانسپورٹ گرانٹ شاپس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ جن 47 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکالا گیا ہے وہاں سے آنے والے ویکسینیٹڈ مسافروں کو اب ہوٹل میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔
اعلان کردہ 47 ممالک پیر سے برطانیہ کی جاری کردہ ریڈ لسٹ سے نکل جائیں گے۔
گرانٹ شاپس کے مطابق پیر صبح 4 بجے کے بعد پاکستان سمیت 37 ممالک سے آنے والوں کے ویکسینیٹڈ سرٹیفکیٹس قابل قبول ہوں گے۔
برطانوی سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ بھی نہیں کرانا ہوگا لیکن تمام مسافروں کے لیے لوکیٹر فارم بھرنا لازمی ہوگا۔
یہاں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ایسٹرا زینیکا، فائزر، ماڈرنا اور جانسن ویکسین لگوانے والوں کو قرنطینہ سے استثنیٰ ہو گا۔
From 11 October passengers arriving from 🇵🇰 with full UK-approved vaccine will only need to take a day 2 test in England, no self-isolation, using their NADRA certificates Cc @fslsltn @Asad_Umar 👇https://t.co/YKfqKy6czq
— Christian Turner (@CTurnerFCDO) October 7, 2021
دارالحکومت اسلام آباد میں مقیم برطانوی ہائی کمشنر نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ گیارہ اکتوبر سے برطانیہ میں منظور شدہ چار ویکسینز (AstraZeneca/Pfizer/Moderna/Janssen) میں سے کسی ایک کی پاکستان میں مکمل طور پر ویکسین لگائے جانے پر آئی سولیشن ہونے یا پری ڈیپارچر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔
اسی ضمن میں برطانوی شہریوں کی واپسی کے قوانین بھی بدل گئے ہیں جن کے تحت مکمل طور پر ویکسی نیٹڈ برطانوی شہریوں کو وطن واپس آنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ویکسین نہ لینے والے برطانوی شہریوں کو سفر سے واپس آنے پر اب بھی آئی سولیشن میں رہنے کی ضرورت ہوگی خواہ وہ ملک ریڈ لسٹ میں شامل نہ بھی ہو۔