لندن: پاکستانی ہائی کمیشن، پاکستانی نژاد اراکین پارلیمان کی کئی ہفتوں کی لابنگ کے باوجود برطانوی حکومت کے سفری جائزے میں پاکستان کے لیے کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور وہ ریڈ لسٹ میں برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق برطانوی حکومت کا فیصلہ پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے دھچکا ثابت ہوگا جنہیں برطانیہ آنے پر ہوٹل میں 10 روز لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا جس کی لاگت 2 ہزار 250 پاؤنڈز ہے۔
مانچسٹر گورٹن شیڈو کے لیبر رکن پارلیمنٹ اور ہاؤس آف کامنز کے ڈپٹی لیڈر افضل خان نے ایک ٹوئٹ میں ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو ریڈ لسٹ میں برقرار رکھنے کے حکومتی فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی.
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسے میں کہ جب افغانستان میں بحران جاری ہے، پاکستان اہم انسانی امداد پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، اس فیصلے سے کئی لوگ پریشانی ہوگی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا‘۔
Completely disappointed by the Gvt’s decision to keep Pakistan on the red list
With the crisis in Afghanistan underway, Pakistan can play a huge role in delivering key humanitarian aid
The decision will upset many & cause major disruption
I will continue to follow this matter pic.twitter.com/uJ1Fn8TnRY
— Afzal Khan MP (@AfzalKhanMCR) August 26, 2021
ٹوئٹ میں افضل خان نے پارلیمانی سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے ٹرانسپورٹ، رکن پارلیمان رابرٹ کورٹس کی جانب سے انہیں بھیجا گیا خط بھی شیئر کیا جنہوں نے گزشتہ سفری جائزے کے دوران پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کے حکومتی فیصلے کے بارے میں افضل خان کو جوابی خط لکھا تھا۔
رابرٹ کورٹس نے کہا کہ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ پاکستان کے ریڈ لسٹ میں رہنے کے فیصلے کا لوگوں پر کیا اثر پڑے گا، تاہم یہ درست ہے کہ حکومت برطانیہ میں درآمد ہونے والے کووڈ 19 کے نئے سلسلے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ برطانیہ میں ویکسین پروگرام کے لیے انتہائی اہم وقت میں کووڈ 19 کی نئی اقسام سے بچنے کے لیے کیا گیا۔
خط میں برطانوی رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ تشویشناک اقسام وسیع پیمانے پر نگرانی کے طریقہ کار مثلاً جینومک نگرانی کے ذریعے شناخت کی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں اس کی صلاحیت اور گنجائش محدود ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی اعداد شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایک بڑی تعداد میں مسافر پاکستان سے ہر ہفتے برطانیہ آتے ہیں جس میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی شرح خاصی بلند ہے جبکہ ان میں تشویشناک اقسام سے متاثرہ افراد بھی شامل ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے ریڈ لسٹ سے اخراج کے لیے وزرا کو مطمئن ہونا پڑے گا کہ برطانیہ میں وائرس کی آنے والی تشویشناک اقسام کا خطرہ کم ہوگیا ہے۔