برطانیہ میں کورونا کے علاج کیلئے پہلی گولی کی منظوری

برطانیہ میں کورونا کے علاج کے لیے پہلی گولی کی منظوری دے دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکے میڈیسن ریگولیٹر نے  کورونا کے علاج کے لیے بنائی گئی گولی کی منظوری دے دی ہے۔

’مولنوپراویر‘  نامی گولی دن میں دو مرتبہ ان کمزور مریضوں کو دی جائے گی جن کو حال ہی میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہو۔

کلینیکل ٹرائلز میں ثابت ہوا ہے کہ یہ گولی (جو درحقیقت فلو کے علاج کے لیے تیار کی گئی تھی) کورونا کے سبب اسپتال میں داخل ہونے اور موت کے خطرے کو تقریباً نصف تک کم کر دیتی ہے۔

برطانوی سیکریٹری صحت ساجد جاوید نے اسے کمزور اور قوت مدافعت سے محروم افراد کے لیے ’گیم چینجر‘  قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ  دسمبر 2019 میں چینی شہر ووہان سے شروع ہونے والی اس وباء سے اب تک 24 کروڑ سے زائد افراد متاثر جبکہ 50 لاکھ سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے علاج کے لیے مختلف ممالک کی  جانب سے متعدد ویکسینز بنائی جاچکی ہیں جو اس سے بچاؤ میں موثر ثابت ہورہی ہیں تاہم مکمل طور پر اس سے بچاؤ کا ابھی تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوسکا ہے۔

طبی ماہرین کورونا سے بچاؤ کا واحد  ذریعہ مکمل ویکسینیشن اور احتیاط ہی بتاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں