برطانیہ میں پیٹرول کی سپلائی لائن بحال نہ ہونے پر شہریوں کی افراتفری میں خریداری کے بعد 90 فیصد پیٹرول پمپس خالی ہوگئے۔
برطانیہ بھر کے پیٹرول پمپس میں شہريوں کی گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق برطانیہ کے 8ہزار پیٹرول پمپس میں سے تین چوتھائی سے زائد خالی ہوچکے ہیں جس کی وجہ شہریوں کا گبھراہٹ میں خریداری کرنا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ جنوری میں بریگزٹ کے بعد بہت سے غیر ملکی ٹرک ڈرائیورز برطانیہ چھوڑ گئے تھے مگر حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ ڈرائیورز کی کمی ہوئی جس کے باعث سپلائی کم ہوتے ہوتے معاملہ بحران کی شکل اختیار کرگیا۔
بحران پر قابو نہ پاہا جاسکا تو فوجی ڈرائیوروں کو مخصوص تربیت دے کر پیٹرول پمپوں پر تعینات کیا جائے گا۔
برطانوی حکومت نے ڈرائیوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آئندہ ماہ سے دسمبر تک 10ہزار500 عارضی ورک ویزا جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت کا حامل ملک ہے.