برطانوی محکمہ صحت نے 79 سالہ شہری ایلن گوسلنگ پر آئندہ ایک برس تک بطخیں پالنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان کی تمام بطخیں ہلاک کردیں۔
برطانوی شہری اپنی بطخوں کی ہلاکت اور اگلے ایک برس تک بطخیں نہ پالنے کی پابندی پر سخت پریشان ہیں لیکن محکمہ صحت کی یہ پابندی ملک کو وبائی صورتحال سے بچانے کےلیے ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلن گوسلنگ برڈ فلو میں مبتلا ہوگئے تھے جس کے بعد محکمہ صحت نے تحقیق کی تو پتہ چلا کہ ایچ 5 این 5 نامی وائرس (برڈ فلو) ان ہی کی ایک بطخ سے ایلن کو لگا تھا۔
محکمہ صحت نے کہا کہ برڈ فلو ماضی میں بھی انسانی وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے اسی لیے حکومت نے ایلن کی تمام بطخیں ہلاک کرکے ان پر ایک برس تک بطخیں نہ پالنے کی پابندی عائد کردی۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں نئے برڈ فلو کا پہلا مریض ہونے کی بناء پر محکمہ صحت نے گوسلنگ پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے کیونکہ ایسے افراد ہی کسی وبا کا نقطہ آغاز ثابت ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ برڈ فلو ایک ہلاکت خیز بیماری ہے جو پرندوں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے، ماضی میں کئی بار یہ بیماری وبائی شکل اختیار کرچکی ہے جس کے نتیجے میں کروڑوں پرندوں کے علاوہ درجنوں انسان بھی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس سے متاثر ہونے والے انسان بھی لاکھوں میں ہیں۔