برج خلیفہ کی چوٹی پر شوٹنگ، خاتون کی بہادری پر سوشل میڈیا صارفین حیران

دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین نکولے اسمتھ لدویک (Nicole Smith-Ludvik) نامی خاتون کی تعریفیں کر رہے ہیں، جنہوں نے برج خلیفہ کی چوٹی پر ایک اشتہار کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔

نکولے اسمتھ لدویک کی دو روز قبل 30 سیکنڈز دورانیے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی چوٹی پر فضائی کمپنی کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں خاتون نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی فضائی کمپنی ایمریٹس ایئرلائن کی ایئرہوسٹس جیسا لباس زیب تن کر رکھا ہے اور وہ چوٹی پر کمپنی کی تشہیر کرتی دکھائی دیتی ہیں۔


ویڈیو میں خاتون کو دبئی میں موجود دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کی چوٹی پر دیکھا جا سکتا ہے۔

ابتدائی طور پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد لوگوں نے اسے جعلی سمجھا تھا لیکن خاتون کی تعریفیں بھی کی تھیں۔

دنیا بھر کے لوگوں کی جانب سے ویڈیو کو جعلی قرار دیے جانے اور اس کی سچائی سے متعلق سوالات کیے جانے کے بعد فضائی کمپنی نے مذکورہ شوٹنگ کی پس پردہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اصلی ہے۔


فضائی کمپنی نے اشتہار کی تیاری کے وقت بنائی گئی مختصر ویڈیو کو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور لوگوں نے خاتون کی بہادری کی تعریف کی۔

برج خلیفہ کی چوٹی پر بنائے گئے اشتہار کی تیاری کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ عمارت پر چڑھنے سے قبل مکمل حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور خاتون کو زنجیروں سے جکڑا گیا تھا جب کہ شوٹنگ کے ٹیم کے ارکان کو بھی زنجیروں سے باندھ کر چوٹی پر پہنچایا گیا تھا۔

اشتہار اور اس کی تیاری کی ویڈیو دیکھنے کے بعد دنیا بھر کے لوگوں نے خاتون کی بہادری کی تعریفیں کیں۔

جس خاتون نے برج خلیفہ کی 2 ہزار 716 فٹ کی بلندی پر جاکر اشتہار شوٹ کروایا، اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے مطابق وہ پروفیشنل اسکائے ڈائیور، یوگا انسٹرکٹر اور بلندیوں پر چڑھنے کی ماہر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں