انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز نے جمعہ کے روز 2009 میں ایک پارٹی میں اپنے چہرے کو کالا کرکے پارٹی میں شرکت کرنے پر معافی مانگی اور اپنے رویے کو لاپرواہ اور احمقانہ قرار دیا۔
ایلکس ہیلز نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ 2009 میں نئے سال کی تقریب میں امریکی ہپ ہاپ اسٹار ٹوپاک شکور بن کر گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تھیم موسیقار تھی ، ٹوپاک شکور میرے پسندیدہ موسیقار ،تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے اس لیے وہ ٹوپاک بن کر گئے ۔
ایلکس کا کہنا تھا کہ یہ میری طرف سے لاپرواہی اور بے وقوفانہ حرکت تھی اس لیے میں سب سے اور اپنے کرکٹ کلب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں میری وجہ سے انہیں شرمندگی ہوئی ہو گی۔
ایلکس ہیلز نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ میری عمر کی تیسری دہائی اس طرح کی لاتعداد غلطیوں سے بھری ہوئی تھی اور ان میں سے کچھ غلطیوں پر مجھے ساری زندگی پچھتاوا رہے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کچھ سالوں سے ان سب چیزوں سے دور ہوں اور میں ایک انسان کے طور پر خود کو بہتر کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہوں۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر ایلکس ہیلز کی کالے چہرے والی تصویر منظر عام پر آنے کے بعد انگلینڈ میں نسلی تعصب کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا تھا۔
برطانوی جریدے دی سن کی جانب سے انگلش بلے باز ایلکس ہیلز کی ایک تصویر شائع کی گئی جس میں انہیں دوستوں کے ساتھ کھڑا دیکھا گیا جس میں وہ چہرے پر کالے پینٹ کے ساتھ دیکھے گئے۔