نیوزی لینڈ حکومت نے آکلینڈ کی سپر مارکیٹ میں چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 32 سالہ حملہ آور کا نام احمد اتھیل محمد شمس الدین تھا جو سری لنکا سے آیا تھا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق احمد اتھیل 10 سال قبل اسٹوڈنٹ ویزے پر نیوزی لینڈ آیا اور پھر اس نے 2013 میں پناہ گزین کا درجہ لے لیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق حملہ آور نے پناہ گزین کی حیثیت دھوکے سے حاصل کی تھی اور جولائی میں رہا ہونے سے قبل تقریبا 3 سال تک قید میں رہا تھا۔
خبر ایجنسی کے مطابق عدالتی دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ حملہ آور عسکریت پسند داعش کے نظریات سے متاثر تھا۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کی سپر مارکیٹ میں چاقو حملے میں 6 افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔