اگر آپ ریاضی میں اچھے ہیں تو مفت میں اسٹور سے کھانے کا سامان بھی لے سکتے ہیں، کیا آپ نے اس بارے میں کبھی سوچا ہے؟
کوئی بھی شخص اگر اپنے گھر کے قریب ہی واقع گروسری شاپ پر انڈے اور دودھ خریدنے کے لیے رکے تو یقیناً اسے ریاضی کے سوالات پوچھے جانے کی توقع نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی نے یہ سوچا ہوگا کہ اگر وہ ان سوالات کو حل کر لیں تو مفت میں بھی یہ سامان لےکر جا سکتے ہیں۔
نیویارک کی ایک دکان میں’ احمد الوان’ نامی شخص یہ منفرد کام سر انجام دے رہا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق احمد اپنی کمیونٹی کی مدد کرنا چاہتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے کسٹمرز کو ایک پیشکش کی کہ ریاضی کے آسان سوالات کا جواب دیں اور ان کی دکان سے جو چاہیں مفت لے جائیں۔
احمد کسٹمرز سے اس امتحان کی ویڈیو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پوسٹ کرواتے ہیں۔ ویڈیوز میں احمد اپنے کسٹمرز سے کہتے ہیں کہ اگر وہ ریاضی کے سوال کا جواب دے سکتے ہیں تو ان کے پاس 5 سیکنڈ کا وقت ہے، جواب دیں اور پھر جو چاہیں ان کی دکان سے مفت میں لے جائیں۔
احمد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی جیب سے ہر چیز کی ادائیگی کرتے ہیں اور ان کا مقصد کمیونٹی کے کم آمدنی والے ممبران کی مدد کرنا ہے۔
احمد کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر 36 لاکھ فالورز اور 6 کروڑ سے زائد لائیکس موجود ہیں۔