ایپل کے ماضی کے فلیگ شپ اسمارٹ فون کی ریلیز کی تاریخوں کے پیٹرن کو سمجھنے اور نئےآئی فون کی ریلیز کی تاریخ جاننے کے لیے زیادہ ذہانت کی ضرورت نہیں ہے۔
آئی فون 4 ایس کے بعد سے تقریباً ہر آئی فون کا اعلان (سوائے ایس ای ورژن کے) ستمبر میں ہی کیا گیا تاہم گزشتہ برس آئی فون 12 عالمی وباء کی وجہ سے ایک ماہ آگے کر دیا گیا تھا۔
چینی سائٹ آئی ٹی ہوم نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 13 کی ریلیز آئندہ ماہ متوقع ہے جب کہ ریٹیلر پری آرڈر کی معلومات کا اسکرین شاٹ چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر پوسٹ کیا گیا۔
ماضی کو دیکھیں تو چونکہ ایپل کے ایونٹس عام طور پر منگل کو ہوتے ہیں ، اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آئی فون 13 کا ریلیز ایونٹ 14 ستمبر کو منعقد ہوگا اور اسی ہفتے کے آخر میں پری آرڈر کھلیں گے۔
مذکورہ اسکرین شاٹ میں درج لسٹنگ یہ واضح کرتی ہے کہ آئی فون 13 چار سائزوں میں یعنی ریگولر ، منی ، پرو اور پرو میکس میں دستیاب ہوگا اور اس کے پری آرڈر 17 ستمبر کو بک ہوں گےجس کے ایک ہفتے بعد یعنی جمعہ 24 ستمبر کو صارفین کو فون مل جائے گا۔
مذکورہ ریٹیلر کے مطابق ائیرپوڈ 3چند دنوں کی تاخیر سے پیر 30 ستمبر کو ریلیز ہوگا۔