مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے پیش گوئی کی ہے کہ فیس بک کی جانب سے متعارف کرایا گیا کمپیوٹنگ وی آر پلیٹ فارم میٹا ورس اگلے تین سالوں میں بہت سی کاروباری میٹنگز کی جگہ لے لےگا۔
اپنے بلاگ گیٹس نوٹس میں بل گیٹس کا کہنا ہے کہ مجھےیقین ہے کہ دنیا بھر میں کام کرنے کے طریقے تبدیل ہورہے ہیں اورر اگے تین سالوں میں بہت ساری میٹنگز میٹا ورس کے ذریعے کی جائیں گی۔
ورچوئل ریئلیٹی( وی آر) ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ وی آر اسکاؤٹ کے مطابق بل گیٹس کا یہ دعوی اس وقت سامنا آیا ہے جب انہوں نے گزشتہ ہفتے ہی 2021 میں درپیش مشکلات 2022 میں ختم ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔ میٹا ورس کے بارے میں بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ’یہ بات باعث دلچسپی ہے کہ ٹیکنالوجی کس طرح ریموٹ ورکنگ کو آگے بڑھا رہی ہے۔‘
واضح رہے کہ فیس بک نے رواں سال اکتوبر میں ورچوئل ریئلیٹی اور آگمینٹڈ ریئلٹی کے اشتراک سے انٹرنیٹ صارفین کو باہمی طور پر غیر مرئی طریقے سے ایک دوسرے سے منسلک جدید کمپیوٹنگ پلیٹ فارمز ’ میٹا ورس‘ کے نام سے متعارف کرایا تھا۔
فیس بک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’میٹاورس‘ ایک ایسی آن لائن دنیا ہے جہاں لوگ ورچوئل ماحول میں وی آر(ورچوئیل ریئلٹی) ہیڈ سیٹ استعمال کرتے ہوئے ایک دوسرے سے کمیونی کیشن کرنے کے ساتھ ساتھ کھیل، کھیلنے کے ساتھ ساتھ اپنےدیگر کام بھی سر انجام دے سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ فیس بک نے حال ہی میں اگلے 5 سالوں میں ’ میٹا ورس‘ کی تشکیل کے لیے یورپی یونین سے 10 ہائی اسکلڈ ملازمین کو بھرتی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔