انگلینڈ کی ٹیم ستمبر ، اکتوبر 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی تو دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ پہلے یہ پلان تھا کہ انگلینڈ اور پاکستان کے مابین پانچ ٹی 20 میچز ہوں گے تاہم اب ان کی تعداد بڑھ کر سات ہوگئی ہے۔ اس بات کا اعلان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات میں کیا۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہوجائے گا۔ ورلڈ کپ سے فراغت کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی اور گرین شرٹس کے ساتھ تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی جو کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
ای سی بی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا وہ نہیں سمجھتے کہ انگلینڈ میں کوئی ایسا کرکٹر بھی ہوگا جو پاکستان کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو نہ آزمانا چاہتا ہو۔ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ای سی بی نے بڑے دل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ ان کے شکر گزر ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ انگلینڈ نے دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی حامی بھری ہے، ہم پوری کوشش کرتے ہیں کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیموں کو سہولت مہیا کی جائے۔ اگلے سال آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورے پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری ہیں۔