اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی؛ افغانستان کی نشست طالبان کے نمائندے کو نہ دینےکا فیصلہ

اقوام متحدہ نے جنرل اسمبلی میں افغانستان کی نشست نئی طالبان حکومت کے نمائندے کو نہ دینےکا فیصلہ کیا ہے ۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی ایکریڈیٹیشن کمیٹی (Accreditation Committee) نے گزشتہ روز جنرل اسمبلی میں افغانستان کی نشست نئی طالبان حکومت کو فی الحال نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے  جبکہ میانمار  کی درخواست کو بھی منظور نہیں کیا۔

امارت اسلامی کےترجمان اور اقوم متحدہ کیلئے نامزد نمائندے سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نےجنرل اسمبلی میں افغان نشست فی الحال نئی افغان حکومت کو نہ دینےکا فیصلہ کیا ہے۔

سہیل شاہین نے  سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اصولوں اور انصاف پر مبنی نہیں ہے کیونکہ اس نے افغان عوام کے جائز حقوق چھین لیے ہیں۔

سہیل شاہین نے  مزید کہا کہ اُمید ہے مستقبل قریب میں ا قوام متحدہ یہ حق حکومت افغانستان کے نمائندے کے حوالے کر دےگی تاکہ افغان عوام کے مسائل کو زیادہ مؤثر  طریقے سے حل کیا جا سکے اور عالمی برادری کے ساتھ مثبت روابط قائم کیے جاسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں