افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ لانس کلوزنر کے معاہدے میں تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب ان کی جگہ نیا کوچ مقرر کیا جائے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر لانس کلوزنر اور افغان کرکٹ بورڈ نے معاہدے میں تجدید نہ کرنے کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ دو سال سے زائد عرصے تک ٹیم کے ساتھ رہنے والے لانس کلوزنر کی خدمات کے معترف ہیں اور ان سے کافی یادیں وابستہ ہیں۔
افغان بورڈ کا کہنا ہے کہ کلوزنر کی جگہ نئے ہیڈ کوچ کی تلاش فوری طور پر شروع کردی جائے گی اور ان کا بہترین متبادل ٹیم کو فراہم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ لانس کلوزنر نے ستمبر 2019 میں افغان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی اور ان کا معاہدہ 31 دسمبر 2021 کو ختم ہورہا ہے۔
کلوزنر کے دور میں افغان کرکٹ ٹیم نے تین ٹیسٹ میچز میں سے ایک میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ افغان ٹیم نے 6 ون ڈے میچز میں سے 3 اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی۔