ملک کے دیگر شہروں کی طرح افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار میں بھی طالبان نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
شہر میں امن و امان اور ٹریفک کا نظام چلانےکے لیے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔
مقامی افراد نے طالبان کے رویے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، شہریوں کا کہنا ہےکہ اگر حالات اسی طرح رہے تو سب لوگ خوش ہوں گے۔
طالبان کے ڈی آئی جی پولیس ملا منیب نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قندھار میں انتظامی اور حکومتی خلاء پُر کیاجارہاہے،صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے جگہ جگہ چیک پوسٹ قائم کردی ہیں۔
ملا منیب کے مطابق قندھارکے مختلف مقامات سےکئی جرائم پیشہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔
چیکنگ کے دوران شہریوں سے مہذب انداز میں پیش ہونےکی ہدایت
قندھار کے سکیورٹی انچارج ملا جمعہ نے ایک چیک پوسٹ پر گفتگو میں بتایا کہ چیکنگ کے دوران شہریوں سے مہذب انداز میں پیش ہونے کی ہدایت ہے، نئی انتظامیہ نے شہریوں کے لیے قواعد وضوابط جاری نہیں کیے،سیرگاہوں میں لوگوں کو معمول کے مطابق آنے جانے کی اجازت ہے۔
سکیورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ امن وامان میں خلل ڈالنےاور جرائم پیشہ افرادکے خلاف سخت کارروائی ہوگی، دیگرعلاقوں کے طالبان کی بھی چیکنگ اور اسناد چیک کی جاتی ہیں، دوسرے علاقوں کےمسلح طالبان کےغیرضروری گھومنے پرپابندی ہے