پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے اسلام آباد کی پناہ گاہ میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی جعلی تصویرپر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھاکہ امریکی فوجی اسلام آباد کی پناہ گاہ میں موجود ہیں اور کھانا کھا رہے ہیں۔
یہ تصویر مکمل طور پر جعلی ہے اور اس کو فوٹو شاپ کیا گیا ہے۔ یہ تصویر 28 نومبر 2013 کو افغانستان کے بگرام ائیربیس میں ایک تقریب کی ہے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے بھی شدید ردعمل دیا اور تصویر کو جعلی قرار دیا۔
انہوں نے قرآن پاک کی آیت کا ترجمہ پوسٹ کیا اور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ احساس پناہ گاہوں کو متنازع نہ بنائیں۔
ارشاد باری تعالیٰ !
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تحقیق کر لیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم لوگوں کو نادانستہ نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کیے پر پشیمان ہو۔
Quran 49:6گزارش ہے کہ برائے مہربانی احساس پناہ گاہوں کو متنازعہ نہ بنائیں pic.twitter.com/tblHiWkp0f
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) August 31, 2021
ان کا کہنا تھاکہ پناہ گاہوں میں آنے والے دیہاڑی دار مزدوروں کی دل آزاری نہ کریں۔
خیال رہے کہ افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلا کے دوران ہزاروں امریکی و نیٹو فوجی پاکستان پہنچے ہیں جہاں سے انہیں اپنے ممالک روانہ کیا گیا اور اس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی کی ہے۔