رواں سال ادب کا نوبل انعام افریقی ملک تنزانیہ کے ناول نگار عبد الرزاق گرناہ کے نام رہا۔
نوبل انعام کی کمیٹی کے مطابق سال 2021 کے لیے ادب کا نوبل انعام تنزانیہ کے ناول نگار عبد الرزاق گرناہ کو نوآبادیاتی اثرات اور پناہ گزینوں کے مسائل پر قلم اٹھانے پر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عبد الرزاق گرناہ افریقا سمیت دنیا بھر میں نوآبادیاتی نظام کے اثرات اور پناہ گزینوں کے مسائل کو اپنے ادبی تخلیقات کا حصہ بناتے رہے ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے اپنے ملک کی سماجی حالت اور ہجرتوں کے کرب کی کہانیاں لکھیں ، ان کے ایک ناول کا اردو میں ترجمہ یادِ مفارقت کے نام سے ہو چکا ہے ۔
BREAKING NEWS:
The 2021 #NobelPrize in Literature is awarded to the novelist Abdulrazak Gurnah “for his uncompromising and compassionate penetration of the effects of colonialism and the fate of the refugee in the gulf between cultures and continents.” pic.twitter.com/zw2LBQSJ4j— The Nobel Prize (@NobelPrize) October 7, 2021
عبدالرزاق گرناہ ، نجیب محفوظ اور اور حان پامُک کے بعد ادب کا نوبل انعام حاصل کرنے والے تیسرے مسلمان ادیب ہیں ۔
برطانیہ میں مقیم 72 سالہ ناول نگار نے نوبل انعام ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے کہ جو ایوارڈ عظیم مصنفین کو ملا اب مجھے بھی مل رہا ہے، یہ بہت شاندار ہے۔
خیال رہے کہ آئندہ دنوں میں امن اور اقتصادیات کے نوبل انعامات کے اعلانات بھی کیے جائیں گے۔
انعام پانے والوں کو یہ انعامات الفریڈ نوبل کی برسی کے موقع پر 10 دسمبر کو دیے جائیں گے۔