چین میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 15 افراد ہلاک اور 3 لاپتہ ہو گئے جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی۔ چین کا صوبہ شانژی موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث ڈیم کا بند ٹوٹنے سے لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں جبکہ متاثرہ علاقوں سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔
چین میں بارشوں کے دوران مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے ہزاروں کی تعداد میں مکانات اور عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
چین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شانژی صوبے میں رواں مال معمول سے 5 گنا زیادہ بارشیں ریکارڈ ی گئیں اور آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کا بھی امکان ہے۔ تین مہینے کی بارش ایک ماہ میں ہو گئی ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے مقامی افسر وانگ کیروی نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 17 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی میں وسطی صوبے ہینان میں آنے والے سیلاب سے 300 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔