سابقہ افغان حکومت کے نمائندے نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نام واپس لے لیا

اقوام متحدہ میں سابق افغان حکومت کے سفیر غلام محمد اسحاق زئی نے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ موجودہ سیشن سے افغانستان کی جانب سے کون خطاب کرے گا؟

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی 76 ویں جنرل اسمبلی کے شیڈول کے مطابق افغانستان کو اجلاس کے آخری روز یعنی آج خطاب کرنا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق افغان حکومت کے سفیر غلام اسحاق زئی نے اس مرحلے پراپنا نام واپس لے لیا ہے لیکن اس کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے 20 ستمبر 2021 کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کرنے دیا جائے۔

اقوام متحدہ کے قواعد و ضوابط کے تحت ایک ملک سے دو نمائندوں کے ناموں پر اقوام متحدہ کی 9 رکنی کمیٹی فیصلہ کرتی ہے جس کا اجلاس اکتوبر یا نومبر میں ہونا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کون خطاب کرے گا؟ ملا متقی یا اسحاق زئی اور یا پھر کوئی بھی امسال افغانستان کی جانب سے خطاب نہیں کرے گا؟

اپنا تبصرہ بھیجیں