برطانیہ: کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قریب آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں سے علاقہ گونج اٹھا اور دور دور تک دھویں کے سیاہ بادل پھیل گئے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قریب آگ بھڑک اٹھی کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری میں پی سی آر ٹیسٹ کی بھی سہولت موجود ہے پولیس، فائر فائٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں نے اطلاع ملنے پر فوری طور پہ جائے وقوع پہ پہنچ کر علاقہ خالی کرالیا جب کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں۔
رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ وارکشائر کاؤنٹی کے ضنعی علاقے میں پیش آیا ہے جہاں دھماکے ہوئے، آگ بھڑکی اور دھویں کے گہرے سیاہ بادل میلوں دور تک پھیل گئے لوگوں نے میلوں دور سے بھی ان مناظر کو دیکھا ہے-
میڈیا رپورٹ کے مطابق زہریلے دھویں کی شدت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ لوگوں کو سانس لینے میں دقت کا سامنا رہا اور علاقے میں کیمیکل کی ناگوار بو بھی دور دور تک محسوس کی گئی جب کہ میلوں دور تک پھیلے ہوئے سیاہ دھویں کی وجہ سے قرب و جوار کا علاقہ بھی صاف دکھائی نہیں دیا۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سیاہ زہریلے دھویں کے دوران ہی پولیس نے ایک لاپتہ ہونے والے شخص کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔
وارکشائر پولیس کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مقامی کاروباری اداروں ، گھروں کے مالکان اور آس پاس کے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد انہیں ایک لاپتہ شخص کی تلاش بھی ہے۔ ترجمان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ انہوں نے 70 میٹر کے احاطے کو مکمل طور پر سیل کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقے میں کئی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کیا گیا جب کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ خود کو گھروں تک میں محدود رکھیں، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور باہرنکلنے سے اجتناب برتیں تاکہ نہ صرف محفوظ رہ سکیں بلکہ امدادی اداروں کی کارروائیوں میں رکاوٹ بھی نہ بنیں۔
ولیس کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر 12 فائر انجن اور دو فضا سے آگ پر قابو پانے والے آلات لائے گئے ہیں آگ کی شدت اور سیاہ دھویں کی بدولت ایمرجنسی سروسز بشمول ایئر ایمبولینس کو صنعتی عمارت کی چھت پہ اتارا گیا۔
مقامی طور پر صحت کے حوالے سے وارننگ جاری کی گئی ہے اور لوگوں کو ماسک بھی دیئے گئے ہیں تاکہ وہ اپنا تحفظ کرسکیں۔اس ضمن میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ انہیں کیمیکل زمین پہ پڑا ہوا بھی مل سکتا ہے اور فضا سے زمین پہ گرتا ہوا بھی دکھائی دے سکتا ہے۔
بی بی سی کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہوں نے چند چھوٹے چھوٹے دھماکے سنے جو بعد میں تباہ کن صورتحال کا سبب بن گئے تیز ناگوار دھواں بری طرح ناک میں چبھن محسوس کرا رہا ہے اور سونگھنا بھی ناممکن ہے ایک عینی شاہدین نے بتایا سنا ہے کہ لوگ بیمار ہو رہے ہیں کیونکہ دھواں زہریلا ہے۔