افغان وزیر دفاع کے گھر پر حملہ چار افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی کے گھر کے باہر کار بم دھماکا ہوا، جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔حملے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حملہ آوروں نے وسطی کابل میں قائم مقام وزیردفاع بسم اللہ خان محمدی کے گھر کے باہر بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی۔رپورٹس کےمطابق زوردار دھماکے کے بعد علاقے سے شدید فائرنگ اور دستی بم دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت خود کش حملہ کیا گیا اس وقت خوش قسمتی سے قائم مقام وزیر دفاع اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر دفاع بسم اللہ محمدی کے خاندان کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ چار حملہ آور مارے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔


یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دیگر اہم افغان شہروں میں لڑائی جاری ہے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

سکیورٹی حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جبکہ اطالوی طبی فلاحی ادارے ایمرجنسی نے تصدیق کی ہے کہ زخمی ہونے والے 11 افراد کو کابل میں اس کی فیسیلٹی میں لایا گیا ،جس میں ہلاک ہونے والے چار حملہ آوروں کی لاشیں بھی تھیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ طالبان کے حملے سے مماثلت رکھتا ہے۔ تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں