امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہےکہ افغان عوام کو امدادکی فراہمی جاری رکھنےکیلئے امریکا عالمی برادری کے ساتھ ہے۔
دورہ قطر کے دوران قطری ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے عمل میں قطر سے زیادہ کسی ملک نےکام نہیں کیا، امریکا افغانستان ڈپلومیسی جاری رکھے ہوئے ہے، جانتے ہیں قطر ہمارا شراکت دار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہری شہریت رکھنے والے تقریباً 100 امریکی شہری اب بھی افغانستان میں ہیں، ایسے امریکیوں سے رابطے میں ہیں، امریکا افغانستان سے چارٹرپروازوں سے ان کی محفوظ روانگی کیلئے کام کررہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان نے کہا ہے مکمل سفری دستاویزات رکھنے والوں کو آزادنہ طور پر جانے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان عوام کو امدادکی فراہمی جاری رکھنےکیلئے امریکا عالمی برادری کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکام کے ساتھ افغانستان سے ہوئے انخلا پر تبادلہ خیال کیا ہے، کابل ائیرپورٹ چلانے سے متعلق اب تک معاہدہ نہیں ہوا،کابل ائیر پورٹ پر مختلف ممالک سے امدادی پروازیں اتر رہی ہیں، امید ہے آئندہ چند روز میں کابل ائیرپورٹ مسافروں کے لیے فعال ہو جائے گا۔