کابل: افغان صدر اشرف غنی نے آرمی چیف کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے آرمی چیف عبدالولی احمد زئی کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ جس کے بعد جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو نیا آرمی چیف تعینات کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب طالبان نے افغان سرزمین پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ طالبان نے افغانستان کے دو مزید شہروں پُلِ خُمری اور فراہ پر قبضہ کر لیا ہے ۔ اب ان کے قبضے میں موجود صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 8ہو گئی ہے۔
جبکہ قندھار اور ہلمند کے صوبوں میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ دار الحکومت کابل کی جانب بھی طالبان کی پیش قدمی جاری ہے۔
یورپی یونین کے مطابق غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے ملک کے 65 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ طالبان کابل کو شمال میں موجود افواج کی روایتی حمایت سے محروم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔