تاجکستان میں افغان سفارت خانے نےانٹر پول سے اشرف غنی،حمد اللہ محب اور فضل محمود فضلی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں افغان سفارت خانے نےانٹر پول سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ سابق صدر اشرف غنی، افغان قومی سلامتی کے مشیرحمد اللہ محب اور صدارتی امور کے سربراہ کو گرفتار کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق افغان سفارت خانے نے مطالبہ کیا ہےکہ ان تینوں افرادکو افغانستان کا قومی خزانہ چرانےکے الزام میں گرفتار کیا جائے۔
خیال رہےکہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے داخلےکے بعد سابق صدر اشرف غنی، حمد اللہ محب اور فضل محمود فضلی سمیت مبینہ طور پر تاجکستان فرار ہوگئے تھے،تاہم تاجک وزارت خارجہ نے اشرف غنی کے تاجکستان میں موجود ہونے کی تردید کی تھی۔
دوسری جانب اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی کا کہنا ہےکہ ان کی معلومات کے مطابق اشرف غنی مشرق وسطیٰ میں ہے۔