برطانیہ، یوکرین کو مزید ایک کروڑ ڈالر امداد دینے پر غورکررہا ہے۔
ترجمان برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نئی امداد روسی حملوں کے دوران انتظامی امور چلانے کے لیے دی جائے گی، فنڈ کے ذریعے یوکرین کی عوام کی فلاح و بہبود، پینشن اور تنخواہیں دینے میں مدد ملے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ امداد برطانیہ کی جانب سے وعدہ کیے گئے دو کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے علاوہ ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ جنگی جرائم میں ملوث فوجی کا قبر تک پیچھا کریں گے، روس کو یوکرین میں جان بوجھ کر لوگوں کے قتل کرنے پر حساب دینا پڑے گا، ہم معاف نہیں کریں گے، ہم بھولیں گے نہیں، بربریت کرنے والوں کو سزا دینگے۔
زیلنسکی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو قتل کرنے والوں کے لیے قبر کے علاوہ کوئی جگہ نہیں۔
روسی حملے کے بعد یوکرینی شہریوں کے انخلا کا سلسلہ بھی جاری ہے، یوکرین سے پولینڈ میں داخل ہونے والے پناہ گزینوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، پولینڈ بارڈر گارڈز کے مطابق اب تک یوکرین سے پولینڈ میں 10 لاکھ سے زیادہ پناہ گزین داخل ہو چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین سے 15 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔