پولیس کی جانب سے شہر قائد میں جرائم پر قابو پانے کے دعوے کھوکھلے نکلے، مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرمنلز کی لوٹ مار کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
کراچی کے علاقے بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر فائیو ای میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے دن دہاڑے واردات کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد چائے کے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان چھین کر باآسانی فرار ہوئے، موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے 8 سے زائد افراد سے لوٹ مار کی۔
اس کے علاوہ کراچی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں ناگن چورنگی کے قریب مسلح افراد نے شہری کو اس کے گھر کے دروازے پر لوٹ لیا۔
متاثرہ شہری دکان سے چھ لاکھ روپے لے کر گھر کی دہلیز پر پہنچا ہی تھا کہ دوموٹرسائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے گھیرلیا، ملزمان نے ہاتھ سے رقم کا تھیلا چھینا اور فرار ہوگئے۔