کولمبو: سری لنکا میں پرنٹنگ پیپر نہ ہونے کے باعث ہزاروں اسکولوں کے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے پاس درآمدات کے لیے ڈالرز کی کمی کی وجہ سے کاغذ کی کمی کا مسئلہ پیدا ہوا۔
شعبہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ امتحانات جو پیر کو شروع ہونا تھے انہیں منسوخ کر دیا گیا۔ اسکولوں کے پرنسپل امتحانات نہیں لے پا رہے کیونکہ چھاپہ خانے ضروری کاغذ اور سیاہی درآمد کرنے کے لیے زرمبادلہ کی کمی کا شکار ہیں۔
حکام کے مطابق پرنٹنگ کے کاغذ کی قلت کی وجہ سے ملک بھر کے 45 لاکھ طلبہ میں دو تہائی متاثر ہوں گے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو سنگین معاشی صورتحال کا سامنا رہا ہے اور اس کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے ملک کے لیے کھانے پینے کی بنیادی اشیا، ایندھن اور دوائیوں جیسی اشیا کا حصول ایک چیلنج بن گیا ہے۔
پیسوں کی کمی کے شکار سری لنکا نے رواں ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ بدترین معاشی بحران سے نکلنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا بیل آؤٹ پیکج لے گا جبکہ سری لنکا کی جانب سے چین سے قرضے کی درخواست کی گئی تھی تاہم چین نے سری لنکا کو کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے تصدیق کی کہ وہ سری لنکن صدر کی بیل آؤٹ پیکج کی درخواست پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔