بین الاقوامی ابوظہبی تیل و گیس نمائش و کانفرنس 2022 میں پاکستان پویلین غیر ملکی مہمانوں کی توجہ کا مرکز

ابوظہبی: توانائی کے شعبے سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے بااثر تیل و گیس کی نمائش، بین الاقوامی ابوظہبی پٹرولیم نمائش و کانفرنس (ADIPEC)کا آغاز ہو گیا ہے۔ چار روزہ سالانہ ایونٹ 31 اکتوبر سے 03نومبر، 2022ء تک ابوظہبی نیشنل ایگزی بیشن سینٹر (ADNEC)، متحدہ عرب امارت میں جاری رہے گا جس کی سرپرستی متحدہ عرب امارت کے صدر کر رہے ہیں۔

پاکستان کی اہم تیل اور گیس کمپنیاں، پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اور وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) بھی ایک عظیم الشان ڈبل ڈیک پاکستان پویلین قائم کر کے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ پویلین 100 مربع میٹرز پر محیط ہے جس میں پاکستان اور اس کے اپ اسٹریم، مڈ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم توانائی کے شعبے کو دکھایا گیا ہے۔

پاکستان پویلین کا عنوان ”پاکستان – توانائی میں سرمایہ کاری کا گیٹ وے“ہے۔شاندار طریقے سے تیار کیا گیا یہ پویلین پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کو نیٹ ورک بنانے، نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے، ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے، حکومت کی سرمایہ کار-دوست پالیسیوں کو فروغ دینے اور ملک کے بارے میں تاثر کو مجموعی طور پر بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔

پاکستان کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کرنے والی کمپنیوں میں گورنمنٹ ہولڈنگز(پرائیویٹ) لمٹیڈ (GHPL)، ماری پٹرولیم کمپنی لمٹیڈ (MPCL)، آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمٹیڈ (OGDCL)، پاک-عرب ریفائنری لمٹیڈ(PARCO)، پاک –عرب پائپ لائن کمپنی لمٹیڈ (PAPCO)، پاکستان پٹرولیم لمٹیڈ (PPL)، پاکستان ریفائنری لمٹیڈ (PRL)، پاکستان اسٹیٹ آئل لمٹیڈ (PSO) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمٹیڈ (SNGPL) شامل ہیں جبکہ پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (PIP)، وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی سرپرستی میں صنعت کے لیے فوکل پوائنٹ کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

اس ایونٹ میں مزکورہ کمپنیوں کے سی ای اوز اوراعلیٰ حکام پاکستان پویلین میں اپنے متعلقہ اداروں کی نمائندگی کررہے ہیں اور ایونٹ میں آنے والے غیرملکی مندوبین سے بی ٹو بی میٹنگز منعقد کررہے ہیں۔ ماضی میں بھی پاکستان پویلین کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں قومی اور بین الاقوامی آئل اورگیس کمیونٹی کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں