آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے ناظم الامور نے ملاقات کی ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیش رفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی و علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاک چین تعلقات بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
چین کے ناظم الامور نے سی پیک منصوبوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
چینی ناظم الامور نے سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔