نیب نے فرح خان کیخلاف انکوائری شروع کردی

نیب حکام کا کہنا ہے کہ فرح خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں،منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہوں گی، چیئرمین نيب نے ڈی جی نیب لاہور کو قانون کے مطابق انکوائری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق 2018 کے بعد فرح خان کے اثاثوں میں مبینہ طور پر اضافہ ہوا ہے۔ 3 سال کے دوران فرح خان کے اکاؤنٹ میں 847ملین روپے آئے، یہ رقوم فرح خان کی اکاؤنٹس سٹیٹمنٹ سے مطابقت نہیں رکھتی۔

نیب ذرائع کے مطابق رقوم مختلف اوقات میں فرح خان کے ذاتی اکاؤنٹ میں آئیں اور فوری نکال لی گئیں، تفتیشی حکام کے مطابق اس دوران فرح خان نے 9 بار امریکا اور 6 بار متحدہ عرب امارات کے دورے بھی کئے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فرح خان کو ٹرانسفرکی گئیں کروڑوں روپے مالیت کی زمینوں کے دستاویزات سامنے آگئیں تھیں۔ دستاویزات کے مطابق بزنس ٹائیکون کے بیٹے نے کروڑوں روپے مالیت کی زمین فرح گوگی کے نام منتقل کی۔

دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں 200 کنال 6 مرلے منتقل ہوئے۔100 کنال ایک مرلے اور 100 کنال 5 مرلے کی 2 زمینیں ٹرانسفر کی گئیں۔ ایک منتقلی 10مارچ 2021، دوسری 26 اگست 2021 کو ہوئی۔

اس سے قبل سابق خاتون اول کی دوست فرح کے گاؤں ميں کروڑوں روپے کے منصوبوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کے ضلع شيخوپورہ ميں گزشتہ 3 سال ميں 18 ارب روپے کے فنڈز فراہم کيئے گئے۔

واضح رہے کہ فرح خان پر گذشتہ چند دنوں میں حزبِ اختلاف کے متعدد رہنماؤں اور تحریک انصاف کے ناراض اراکین کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر کافی بحث اور بات چیت کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں