کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے متحدہ اپوزیشن کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کردی۔ اس حوالے سے مشترکہ اپوزیشن کی پریس کانفرنس آج شام 4 بجے ہوگی۔
ایم کیو ایم سینیٹر فیصل سبزواری نے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ اپوزیشن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان معاہدے نے حتمی شکل اختیار کر لی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مجوزہ معاہدے کی توثیق کے بعد اس کی تفصیلات سے آج شام 4 بجے باضابطہ طور پر میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
اسی حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا ہے جبکہ پریس کانفرنس آج شام کو ہوگی۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے پر دستخط کے وقت مولانا فضل الرحمٰن، شہباز شریف، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔