وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصوداحمد کی ہدایات پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) سندھ پولیس کے کمانڈوزکی ایک بڑی تعداد کو موٹرسائیکل اسکواڈ کے ہمراہ شہر کے مختلف کرائم ہاٹ اسپاٹ پر تعینات کردیا گیا ہے۔
شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کے تناظر میں ایس ایس یو کمانڈوز کو کراچی کے تمام اضلاع میں عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
کمانڈوزمختلف علاقوں میں سیکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے علاقہ پولیس کی مدد اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائیں گے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مددگار15 پولیس کو بھی ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں پیٹرولنگ کو بڑھائیں اور شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی کے عمل میں تیزی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے ہاٹ اسپاٹس پر ایس ایس یو کی نفری نے گشت شروع کردیا ہے۔
ایس ایس یو کے اہلکار ہاٹ اسپاٹس پر اسنیپ چیکنگ بھی کررہے ہیں جبکہ مددگار ون فائیو کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے مددگار ون فائیو کو مرکزی شاہراہوں پر رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر میں 20 گاڑیوں اور 15 موٹرسائیکلوں پر مشتمل ایس ایس یو نفری نے کام شروع کردیا ہے۔