جیل حکام نے یاسین ملک کی والدہ اور بہن کو ان سے ملاقات سے روک دیا

سری نگر: تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی والدہ اور بہن کو جیل حکام نے ان سے ملاقات سے روک دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر قید جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک جنہیں بھارت کی ایک کینگرو کورٹ نے ایک جھوٹے مقدمے میں غیر منصفانہ طورپر عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ان کی والدہ اور بہن کوجیل حکام نے ان سے ملا قات کی اجازت نہیں دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جیل میں یاسین ملک کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی سخت نگرانی کی جارہی ہے اور ان سے ان کی والدہ اور بہن تک کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارت کی ایک عدالت نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی محمد سعید اور پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی بہن ڈاکٹر ربیعہ سعید کو15 جولائی کو یاسین ملک کے خلاف گواہی کے لیے طلب کیا ہے۔

عدالت نے ربیعہ سعید کوان کے اغوا کے نام نہاد مقدمے میں گواہی کیلئے طلب کیا ہے جبکہ دلچسپ امر یہ ہے کہ ربیعہ سعید خود اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ جے کے ایل ایف کے لیڈر اشفاق مجید وانی اور دیگر پارٹی کارکنوں نے ان کے ساتھ بہن جیسا سلوک کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ان کی بہن اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا کے خلاف یاسین ملک کی حمایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں